نئی دہلی، 30/جولائی(ایس او نیوز/ایجنسی) لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے ہفتہ کو میگھالیہ کے دارالحکومت شیلانگ میں کامن ویلتھ پارلیمانی اسوسی ایشن(سی پی اے)انڈیا ریجن زون III کے 20ویں سالانہ کنونشن کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر منی پورمیں پیش آئے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے اوم برلا نے کہا کہ یہ واقعات انسانیت اور سماجی نظام کے طور پر ہمارے لئے انتہائی تکلیف دہ ہیں۔ ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ کسی کے ساتھ ہمارا برتاؤ اسے کسی قسم کی تکلیف کا باعث نہ بنے، اس کی عزت کو ٹھیس نہ پہنچے اور یہ بحیثیت فرد اور بطور معاشرہ یہ ہمارا اخلاقی فرض ہے۔
برلا نے خطے میں امن کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ امن ہی ترقی کا واحد راستہ ہے۔تشددسے کوئی بھی مسئلہ سلجھتانہیں،بلکہ وہ اورالجھ جاتاہے۔لوک سبھا اسپیکر نے کہا کہ پورا شمال مشرقی خطہ اب بڑے پیمانے پر تبدیلی کی طرف بڑھ رہا ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز کو اس بات پر توجہ دینی ہوگی کہ ترقی کے عمل میں ہمیں انسانی اقدار اور اخلاقیات کے ساتھ اپنی روایت کی حفاظت کرنی چاہیے اور ہم تمام کو مل کر ہندوستان کی ثقافت کو بچاناہوگا۔